رپورٹ: احتشام شامی

ملک میں کورونا وائرس سے مزید 22 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 457 ہو گئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 20134 تک جاپہنچی ہے۔
اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 180 افراد انتقال کر چکے ہیں جب کہ سندھ میں 130 اور پنجاب میں 121 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
اس کے علاوہ بلوچستان میں 19، اسلام آباد 4 اور گلگت بلتستان میں 3 افراد مہلک وائرس کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں۔
پنجاب سے آج اب تک کورونا کے 640 کیسز اور 6 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جس کی تصدیق صوبائی حکومت کی جانب سے بھی کی گئی ہے۔
نئے کیسز اور ہلاکتیں سامنے آنے کے بعد صوبے میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 7494 اور ہلاکتیں 121 تک پہنچ گئی ہیں۔
ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس کے 640 نئے کیس سامنے آنے کے بعد صوبے میں مریضوں کی تعداد 7494 ہو گئی ہے۔
پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کے ترجمان کے مطابق اب تک 768 زائرین سنٹر ز، 1926 رائے ونڈ سے منسلک افراد، 86 قیدیوں اور 4714 عام شہریوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں بھی آج کورونا وائرس کے مزید 28 کیسز سامنے آئے ہیں۔
سرکاری پورٹل کے مطابق نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 393 ہوگئی ہے جب کہ شہر میں وائرس سے اب تک 4 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
خیبر پختونخوا میں کورونا سے مزید 8 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 180 تک جاپہنچی۔ 
محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 222 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3129 ہوگئی ہے 
محکمہ صحت نے بتایاکہ صوبے میں اب تک کورونا سے 811 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔
بلوچستان میں بھی گزشتہ روز 36 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی اور 3 ہلاکتیں سامنے آئیں۔
ترجمان حکومت بلوچستان کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 1172 ہوگئی ہے جب کہ 19 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
بلوچستان میں اب تک کورونا وائرس سے 183 افراد صحت یاب بھی ہوگئے ہیں۔
گلگت بلتستان میں ہفتے کو کورونا کے 16 کیس رپورٹ ہوئے جس کے بعد کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد مجموعی تعداد 356 تک پہنچ گئی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق اب تک 260 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں اور کورونا وائرس سے 3 افراد کا انتقال ہوا ہے۔
آزاد کشمیر میں مزید 5 میں کورونا وائرس پایا گیا ہے جس کے بعد علاقے میں کورونا کے کیسز کی تعداد 71 ہو گئی ہے، 44 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں جب کہ اب تک کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی ہے۔
SHARE