وفاق کے بعد پنجاب کی کابینہ میں بھی بڑی تبدیلی

4
وفاق کی دیکھا دیکھی پنجاب میں بھی نیا معاشی ماہر لانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے،بجٹ سازی کے لیے ماہر اقتصادیات ڈاکٹر سلمان شاہ کو ذمہ داری دیے جانے کا امکان ہے۔

وفاق کے بعد پنجاب میں بھی نیا معاشی کھلاڑی میدان میں اتارنے کا فیصلہ سامنے آگیا۔ نئے معاشی کھلاڑی کو جگہ دینے کے لیے وزیر اعلیٰ کے مشیر اکرم چوہدری مستعفی ہو گئے ، انہیں پنجاب فوڈ اتھارٹی کا چیئرمین بنانے کی سمری وزیراعلیٰ کو بھجوا دی گئی۔

پنجاب حکومت نے بجٹ سازی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے سابق وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر سلمان شاہ کو ذمہ داری سونپنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں انہیں وزیراعلیٰ کا مشیر خزانہ بنایا جارہا ہے، اس مقصد کیلئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے مشیر اکرم چوہدری سے قلمدان واپس لیا جارہاہے۔
اکرم چوہدری نے اپنا استعفیٰ وزیراعلیٰ کو بھجوا دیا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیروں کی تعداد 5 ہے اور وہ ایک وقت میں اتنے ہی مشیر رکھ سکتے ہیں، اکرم چوہدری کو پنجاب فوڈ اتھارٹی کا چیئرمین بنانے کیلئے سمری وزیراعلیٰ کو ارسال کردی گئی ہے۔