نیشنل ووٹرز ڈے: گفٹ یونیورسٹی میں آگاہی سیمینار

33

رپورٹ: وقاص محمود

گوجرانوالہ ضلع کی مجموعی آبادی 51 لاکھ جبکہ ووٹرز کی تعداد 27 لاکھ 76 ہزار 892 ہے ان میں 15 لاکھ 72 ہزار 801 مرد ووٹرز اور 12 لاکھ 4 ہزار 45 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔ ضلع گوجرانوالہ میں خواتین کی آبادی 52 فیصد جبکہ خواتین ووٹرزصرف 43 فیصد ہیں، خواتین کے ووٹوں کا اندراج کروانا چاہیے تاکہ وہ بھی اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکیں۔ ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر عرفان کوثر نے نیشنل ووٹرز ڈے کے حوالے سے گفٹ یونیورسٹی میڈیا اسٹڈیز ڈیپارٹمنٹ کے زیراہتمام منعقدہ آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے ہر سال سات دسمبر کو ملک بھر میں نیشنل ووٹرز ڈے منایا جاتا ہے تاکہ ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کیا جاسکے۔ سینئرممبر ڈسٹرکٹ بار وسیم چغتائی نے کہا کہ ووٹ دینا ہماری قومی و اخلاقی ذمہ داری ہے۔ ووٹ کا حق استعمال کرنے والی قومیں ہی اپنے حقیقح نمائندے منتخب کرتی ہیں جس سے ملک ترقی کرتا ہے۔ اقلیتی رہنماء عمانوئیل شاد مٹو نے شرکاء طلباء وطالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اعلی تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلباء وطالبات کی ذمہ داری ہے کہ وہ شہریوں کو ووٹ ڈالنے کی اہمیت کے بارے میں شعور اجاگر کریں۔ ووٹ دینے سے ہی ملک میں جمہوریت کا استحکام ممکن ہے اور ہمارا میڈیا ووٹنگ ٹرن آؤٹ بڑھانے کیلئے ہر ممکن آگاہی فراہم کر رہا ہے۔ میڈیا اسٹڈیز ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ طاہر ملک کا کہنا تھا کہ جب تک ہم مجموعی طور پر اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کریں گے ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے تعلیمی اداروں میں ووٹنگ سے متعلق طلبہ کو معلومات فراہم کرنا احسن اقدام ہے۔ نیشنل میڈیا فورم کی صدر امیرا شوکت نے ووٹنگ میں خواتین کو اپنا کردار ادا کرنے پر زور دیا۔ سیمینار سے لیکچرار وقاص محمود، استحسان بٹ، ثانیہ فاروقی، میمونہ احمد، ماریہ اور جان شیر خان نے بھی خطاب کیا۔ واضح رہے کہ آج یونیورسٹی میں ووٹرز ڈے کی مناسبت سے آگاہی واک کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔