سابق صدر آصف زرداری کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست منظور

3
سابق صدر آصف علی زرداری کی اسلام آباد ہائیکورٹ میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست منظور ہوگئی ہے۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے گرفتاری کے خدشے کے پیش نظر اسلام آباد ہائیکورٹ میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کی تھی۔

قومی احتساب بیورو نے آصف زرداری کو کل ہریش کمپنی کیس میں طلب کیا ہے تاہم اس سے قبل انہوں نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔

سابق صدر کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ نیب نے کل ہریش کمپنی کیس میں طلب کیا ہے اور گرفتاری کا خدشہ ہے۔

آصف زرداری نے عدالت سے استدعا کی کہ نیب کو گرفتاری سے روکا جائے اور ضمانت منظور کی جائے۔

آصف زرداری کیخلاف جعلی اکاؤنٹس سے متعلق کیسز کی تفصیلات ہائیکورٹ میں جمع

یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے 29 اپریل کو آصف زرداری کی درخواست پر ان کے خلاف نیب میں زیر تفتیش تمام کیسز کی تفصیلات طلب کی تھیں جس پر نیب کی جانب سے 14 مئی کو ایک رپورٹ پیش کی گئی۔

نیب نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر جعلی بینک اکاؤنٹس کی انکوائریز کی ہیں اور مجموعی طور پر 26 انکوائریز اور انویسٹی گیشنز جاری ہیں جن میں 5 انکوائریز اور 3 انویسٹی گیشنز میں آصف زرداری کا کردار سامنے آیا ہے۔